سابق وزیراعظم اور بی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پورے سسٹم کو ایکسپوز کر دیا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا ہمارے وکلا نےکہا تھا بارکونسلز اور ایسوسی ایشنز ہمارےساتھ کھڑی ہوں گی، وکلا نے کیوں نہیں دیکھا کہ ہمیں انصاف دلاسکیں گے یا نہیں، ہمارے وکلا ہمیں جواب دیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پورے سسٹم کو ایکسپوز کر دیا ہے، کوئی کیوں نہیں بول رہا، سب اپنی اپنی الیکشن کمپین کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید با مشقت اور ایک ارب 57 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے عمران خان کو 10 سال کے لیے نااہل بھی کر دیا ہے۔
گزشتہ روز سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت نے بھی سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید با مشقت کی سزا سنائی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف نے سائفر کیس اور توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی اور بشریٰ بی بی کو ملنے والی سزاؤں کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔