آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ 25 کروڑ کی آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں، دعا اور خواہش ہے کہ حالیہ انتخابات ملک میں معاشی استحکام لائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے انعقاد پر نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔
آرمی چیف نے عام انتخابات میں تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حق رائے دہی کیلئے آزادانہ شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا مشکلات کے باوجود محفوظ انتخابی ماحول بنانے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں، میڈیا، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں، غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ کے تعین کی مشق ہے، جمہوری قوتوں کی نمائندہ حکومت ملک کی متنوع سیاست کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔
ان کا کہنا تھا پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ قوم کے اعتماد کا جواب دیں، 25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں ہے، دعا اور خواہش ہے کہ یہ انتخابات ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام اور خوشحالی لائیں۔