پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان معظم بٹ نے کہا ہے کہ حکومت بنانے کیلئے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، آرٹیکل 17 کے تحت اپنے امیدواروں کا گروپ بنا کر حکومت قائم کر سکتے ہیں۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معظم بٹ نے کہا کہ صوبے اور وفاق میں حکومت بنانے کیلئےمختلف آپشنز پر غور و غوص جاری ہے، وفاق اور صوبےمیں ہم اکثریتی پارٹی ہیں، کسی سے اتحاد کر کے حکومت قائم کرنا قبل از وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمارے امیدواروں کو آزاد کہہ رہا ہے تاہم پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں نےکاغذات نامزگی میں پی ٹی آئی کا ہی حوالہ دیا تھا جبکہ پی ٹی آئی نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ بھی جاری کیے تھے۔
معظم بٹ نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو ابھی تک ڈی نوٹیفائی نہیں کیا گیا اور مخصوص نشستوں کیلئے بھی ہم نے فہرست دے رکھی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین کے تحت ہم ان مخصوص نشستوں کو کلیم کر سکتے ہیں، پی ٹی آئی کا وجود ہے، مخصوص نشستوں کیلئے پی ٹی آئی فہرست پر الیکشن کمیشن غور کرے۔
حکومت بنانے کیلئے پی ٹی آئی کا اجلاس طلب
دوسری جانب پشاور میں انتخابات میں آزاد امیدواروں کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، رؤف حسن، علی محمد خان اور دیگر رہنماء شریک ہوں گے۔
اجلاس میں آئندہ وفاقی اور صوبائی حکومت بنانے سے متعلق بات چیت ہو گی اور مختلف سیاسی جماعتوں سے بیٹھک پر غور ہوگا۔