پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کو ٹیلی فون کیا اور اشتراک عمل پر سراج الحق کے مؤقف کی حمایت کی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا اشتراک عمل صرف خیبرپختونخوا نہیں وفاقی سطح پر بھی ہونا چاہیے، آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے، ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت سے دوبارہ رابطہ کروں گا۔
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے، پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے بھی جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف سے رابطہ کیا اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ ملاقات کا وقت اور جگہ قیادت سے مشاورت کے بعد بتایا جائے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان مرکز اور خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کے حوالے سے رابطے ہوئے تھے تاہم پی ٹی آئی نے کے پی سے جماعت اسلامی کی نشستیں ختم ہونے کے بعد دیگر جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے تھے جس پر جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کا ساتھ دینے سے معذرت کر لی تھی۔