اچھرہ بازار میں لباس پر خاتون کو ہراساں کرنے والے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے بازار میں جمع ہجوم کو بھی تشدد پر اکسایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے اچھرہ بازار واقعے کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان میں ندیم کمانڈو، عادل علی اور التمش شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے خاتوں کو ہراساں کیا اور مارنے کی کوشش کی تھی ساتھ بازار میں جمع ہجوم کو بھی تشدد پر اکسایا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ملزمان روپوش ہوگئے تھے اور اپنے موبائل فون بند کر دیئے تھے، آپریشنز و انویسٹی گیشن ونگز کی مشترکہ ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کیا۔
یاد رہے لاہور کے اچھرہ بازار میں ایک خاتون نے ایسا کرتا پہنا ہوا تھا جس پر عربی زبان میں کچھ حروف لکھے تھےجس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے سمجھا کہ یہ کچھ مذہبی کلمات ہیں اور اس معاملے نے ایک غلط فہمی کو جنم دیا۔
اس پیچیدہ صورتحال کو خاتون اے ایس پی شہربانونقوی نے سنبھالا اور بہت بہادری سے خاتون کو مجمع سے نکالا اور اپنے ساتھ لے گئیں۔