خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر سے سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی کارسرکار میں مداخلت کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اقبال آفریدی ایکسائز پولیس کے اہلکاروں کو باڑہ روڈ پر چیکنگ سے روکتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’دوبارہ اس روڈ پر نظر آئے تو اچھا نہیں ہوگا‘۔
وائرل ویڈیو سے متعلق مؤقف دیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کا کہنا تھا کہ ایکسائز پولیس اہلکار باڑہ روڈ پر چیکنگ کے بہانے قبائلی عوام سے پیسے لیتے ہیں۔
دوسری جانب پشاور پولیس نے وائرل ویڈیو پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی پی او نے ضلع بھر میں غیر ضروری ناکوں پر پابندی لگائی ہوئی ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکار ایکسائز پولیس کے ہیں۔
ایکسائز پولیس نے معاملے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایکسائز پولیس نے خفیہ اطلاع پر مذکورہ مقام پر ناکہ لگایا تھا، اگر ایم این اے اقبال آفریدی کو ناکہ لگانے سےمتعلق کوئی شکایت تھی تو انہیں قانونی طریقے سے شکایت درج کرنی چاہیے تھی۔