وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ تحائف کے قوانین میں ترامیم منظور کرلیں۔
اعلامیے کے مطابق ان ترامیم کے تحت تحائف لینے والا یہ تحائف اپنے پاس نہیں رکھے گا، تحائف کو وصول کنندہ کے ادارے کی عمارت کے احاطے میں نمایاں جگہ پر رکھا جائے گا جب کہ شیلڈز، سوینیئرز اور دیگر تحائف کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے گا۔
کابینہ نے تحائف کا تخمینہ لگانے والے نجی شعبے کے ماہر کا اعزازیہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے پہلے پی ڈی ایم حکومت میں وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ پالیسی 2023 کی منظوری دی تھی۔
اس پالیسی کے تحت صدر، وزیراعظم اور کابینہ ارکان پر 300 امریکی ڈالرز سے زائد مالیت کا تحفہ وصول کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی، 300 ڈالرز سے کم کا تحفہ مروجہ طریقہ کار کے تحت رقم ادا کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔