چین کا خلائی مشن چینگ ای 6 چاند کے قطب جنوبی کے نمونے اکٹھے کرکے زمین پر واپس بھیجنے کے لیے جلد وہاں اترنے کی کوشش کرے گا۔
اس وقت یہ مشن چاند کے مدار میں موجود ہے اور جون کے شروع میں وہ چاند کے تاریک حصے پر لینڈنگ کی کوشش کرے گا۔
خیال رہے کہ چاند کے اس حصے کو تاریک اس لیے نہیں کہا جاتا کہ وہاں روشنی نہیں، بلکہ اس کے بارے میں تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے اسے تاریک یا خفیہ کہا جاتا ہے۔
یہ مشن چاند کے قطب جنوبی کے شمال مشرقی خطے میں لینڈ کرے گا۔
اس وقت یہ مشن لینڈنگ کے مقام پر مناسب روشنی کا انتظار کر رہا ہے۔
چینگ ای 6 کا اسپیس کرافٹ چاند کے مدار میں ہی موجود رہے گا جبکہ اس کا لینڈر چاند کی سطح پر اترے گا۔
لینڈنگ کے 48 گھنٹوں میں بعد لینڈر چاند کی سطح سے چٹانوں اور دیگر نمونوں کو روبوٹیک ہاتھ کے ذریعے اکٹھے کرے گا۔
نمونے اکٹھے کرنے کے بعد لینڈر چاند کی سطح سے پرواز کرکے چاند کے مدار پر موجود آربٹر سے جڑ جائے گا۔
اس کے بعد چینگ ای مشن کا زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع ہوگا اور 5 دن کے بعد کیپسول زمین کے ماحول میں داخل ہوکر شمالی چین پر لینڈ کرے گا۔
خیال رہے کہ 3 مئی کو چینگ ای مشن چاند کی جانب روانہ ہوا تھا اور 53 دن کے اندر یہ نمونے اکٹھے کرکے واپس زمین پر پہنچے گا۔
یہ پہلی بار ہوگا جب چاند کے تاریک حصے سے نمونوں کو زمین پر لایا جائے گا، اس سے پہلے امریکا، سوویت یونین اور چین کے ایسے مشنز کے دوران چاند کی قریبی سطح سے نمونوں اکٹھے کیے گئے تھے۔
چینگ ای 6 مشن 2 کلوگرام کے وزن کے نمونے اکٹھے کرے گا اور اگر یہ مشن کامیاب ہوتا ہے تو یہ بہت بڑی پیشرفت ہوگی۔
سائنسدانوں کو چاند کے قطب جنوبی میں بہت زیادہ دلچسپی ہے کیونکہ وہاں موجود برفانی خطے میں تحقیقی مراکز طویل عرصے تک قائم رہ سکتے ہیں۔
چینگ ای 6 کے بعد چین کی جانب سے چینگ ای 7 روبوٹیک مشن کو چاند کے قطب جنوبی میں بھیجا جائے گا۔
یہ مشن وہاں برف کے آثار دریافت کرے گا جبکہ خطے کے ماحول اور موسم کی جانچ پڑتال بھی کرے گا۔
چینگ ای 8 مشن سے چینگ ای مشنز کا اختتام ہوگا جو وہاں ممکنہ طور پر ریسرچ اسٹیشن کے قیام کے لیے بھیجا جائے گا۔