مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایسے فیصلے سیاسی استحکام کو نقصان دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ ایسے فیصلے پاکستان کے سیاسی استحکام کو نقصان دیتے ہیں اور ایسے فیصلوں سے معاشی عدم استحکام بڑھتا ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، الیکشن کمیشن کو ڈکٹیٹ نہیں کرنا چاہیے، انہیں ان کا کام کرنے دینا چاہیے، ہر دفعہ الیکشن کمیشن ہی کیوں غلط ہوتا ہے ، الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت کیوں کی جاتی ہے، تمام اداروں کو الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو سپورٹ کرنا چاہیے، ان کے ساتھ چلنا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ ہے کہ پاکستان میں ایسا ماحول بننا چاہیے جس سے سیاسی اور معاشی استحکام آئے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری ذمہ دار آدمی ہیں، اتحادی ہیں اور ان کی جماعت حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔