سپریم کورٹ میں تمام کورٹ رومز کو لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ

سپریم کورٹ میں تمام کورٹ رومز کو لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لائیو اسٹریمنگ سروسز چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خصوصی ہدایت پر کی جا رہی ہے اور لائیو اسٹریمنگ کی سروس سائلین کی رضامندی کے ساتھ مشروط ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی خاتون سائل کی رضامندی کے تحت کیس کی سماعت میں رازداری برتی جائے گی۔

ذرائع نے بتایاکہ اوورسیز پاکستانی سائلین بھی اپنے مقدمات کی سماعت براہِ راست دیکھ سکیں گے، لائیو اسٹریمنگ سروس کے لیے مطلوبہ کیمروں سمیت دیگر آلات کی خریداری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لائیو اسٹریمنگ کے لیے کمیٹی سفارشات تیار کرکے حتمی منظوری کےلیے چیف جسٹس پاکستان کو بھجوائے گی۔

اس وقت سپریم کورٹ کے صرف کمرہ عدالت نمبر 1 میں لائیو اسٹریمنگ کی سہولت ہے۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج ہی حلف اٹھایا ہے اور وہ 30 ویں چیف جسٹس ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں