صدر ایف پی سی سی آئی کا شرح سود میں 5 فیصد کمی کا مطالبہ

فیڈریشن آف چیمبر اینڈ کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے شرح سود میں 5 فیصد کمی کا مطالبہ کردیا۔

صدر عاطف اکرام شیخ نے شرح سود میں 500بیسس پوائنٹس کمی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرح سود میں کمی برآمدات میں اضافے اور نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلند شرح سود معاشی ترقی میں بڑی رکاوٹ، بڑی نوعیت کی فوری کمی کی ضرورت ہے، گزشتہ اجلاسوں میں پالیسی ریٹ بتدریج کم کر کے ساڑھے 17 فیصد پر لانا خوش آئند ہے، مہنگائی میں کمی اور سنگل ڈیجٹ میں آنے پر پالیسی ریٹ کو جارحانہ انداز میں کم کرنا چاہیے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ صنعتیں عالمی منڈیوں میں مسابقتی برتری برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں،سخت مانیٹری پالیسی غیر متوازن قرضوں کا ماحول پیدا کر رہی جو طویل مدتی ترقی کو متاثر کر سکتی ہے، مرکزی بینک مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرح سود کو کم از کم 5فیصد تک کم کرے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ معاشی بحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے شرح سود میں نمایاں کمی ضروری ہے، شرح سود میں کمی سے ایس ایم ایز کے ساتھ ساتھ بڑی صنعتوں کو بھی مدد ملے گی، شرح سود میں کمی برآمدات میں اضافے اور نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں