اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اراکین اور وی آئی پیز کو دیے گئے غیر معمولی پروٹوکول کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عوام کو تکلیف سے بچانے کے لیے اس پر قدغن لگانے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم آفس (پی ایم او) کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ وزرا اور دیگر وی آئی پیز کے سیکیورٹی عملے کو کم کرکے دو اہلکار پر مشتمل کیا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کی سیکیورٹی سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیر اعظم نے پروٹوکول محدود کرنے کا حکم دیا۔

اس ضمن میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ وزیر اعظم نے نوٹس کیوں لیا؟

نجی تقریبات کیلئے سیکیورٹی اور پروٹوکول استعمال نہیں کروں گا، وزیر اعظم

وفاقی وزیر کا خیال تھا کہ وفاقی وزرا کا پروٹوکول اور سیکیورٹی پہلے ہی بہت کم ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کے بھاری سیکیورٹی پروٹوکول کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے ایک مرتبہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے سیکیورٹی پروٹوکول پر بھی سوال اٹھائے تھے جب وہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے اور ان کا استقبال کیا گیا۔

وزیر اعطم آفس کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ عمران خان عام طور پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز سے چند منٹ پہلے بات کرتے تھے اور منگل کو آخری اجلاس میں انہوں نے وی آئی پیز کے پروٹوکول اور سیکیورٹی وفاقی وزرا تک بڑھانے کے معاملے پر بھی بات کی۔

انہوں نے وزیر اعظم کے حوالے سے کہا کہ وزرا کی سلامتی اور ان کے پروٹوکول کو کم کرنے اور از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے گزشتہ منگل کو یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ ٹیکس دہندگان کے پیسے اور عوام کو تکلیف سے بچانے کے لیے ’پروٹوکول اور سیکیورٹی کے ساتھ کسی نجی تقریب میں نہیں جائیں گے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں