لڑکی کو جنسی ہراساں کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا نوٹس

وزیراعظم نے مینار پاکستان واقعے کا نوٹس لے لیا، آئی جی پنجاب انعام غنی نے عمران خان کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ زلفی بخاری نے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت ملوث افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑے گی۔
لاہور میں خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی، دست درازی اور ہراساں کرنے کا وزیراعظم نے سخت نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے آئی جی پنجاب سے رابطہ کیا، انعام غنی نے عمران خان کو واقعے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور اب تک کی تفتیش سے متعلق بریف کیا۔ زلفی بخاری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پولیس واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے رنجیت سنگھ کے مجسمے کو نقصان پہنچانے والے واقعے کی جانب بھی اشارہ کیا کہ ان جرائم میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت چھوڑا نہیں جا سکتا۔
یاد رہے کہ یوم آزادی پر مینار پاکستان گراؤنڈ میں عوام کے جم غفیر نے ٹک ٹاکر لڑکی کو زدوکوب کیا۔ ہجوم نے کھینچا تانی کی حد کر دی، خاتون کےکپڑے تک پھٹ گئے۔ ٹک ٹاکر کے ساتھ آئے اس کے 6 ساتھی بھی حملے سے نہ بچ پائے اور موبائل، نقدی اور طلائی زیورات سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ معاملے کا وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیا تھا اور 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں