پاکستان اور چین کا افغانستان کی بدلتی صورتحال پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ مقاصد کے حصول اور افغانستان کی بدلتی صورتحال پر قریبی رابطہ برقراررکھنے پر اتفاق کیا
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اورخطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس تناظر میں پاکستان نے افغان امن عمل کی پرعزم حمایت کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے” ٹرائیکا پلس” کا حصہ ہوتے ہوئے امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں معاونت کی، افغان عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا نہایت ضروری ہے، افغانستان کے جامع سیاسی تصفیہ کے لیے تمام افغانوں کو مل کر کام کرنا چاہیے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کی حمایت کا جاری رہنا ناگزیر ہے، عالمی برادری کو افغانستان کی مسلسل معاشی معاونت برقرار رکھنی چاہیے۔
شاہ محمودقریشی نے چینی وزیرخارجہ کو افغانستان کی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کیا، انہوں نے افغانستان سے غیرملکی سفارتکاروں، عالمی اداروں کے عملے،میڈیا کے نمائندوں کے انخلاء کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بارے بھی بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں