نثار حویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر

لاہور میں گزشتہ رات نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
لاہور میں اندرون شہر نثار حویلی میں مجلس عزا برپا ہوئی جس میں ذاکرین نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی اور شہدائے کربلا کے فضائل بیان کئے۔ حضرت امام حسین ؓ اور ان کےجانثار ساتھیوں کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مجلس کے بعد شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حویلی واجد علی شاہ، عزا خانہ، چوک نواب صاحب، امام بارگاہ اکبر شاہ، لال کھوہ اور امام بارگاہ باب الحوائج پہنچا۔ عزادارین شہدا کربلا کی یاد میں ماتم داری، گریہ زاری اور زنجیر زنی کرتے رہے۔ جلوس چوک نواب صاحب سے ہوتا ہوا چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان اور پھر کشمیری بازار سے رنگ محل پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔
جلوس آگے بڑھتے ہوئے صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھا، تحصیل بازار، بازار حکیماں، سوہا بازار، شاہ عالم مارکیٹ، پانی والا تالاب، اکبری منڈی سے ہوتا ہوا فقیر خانہ پہنچا۔ جلوس کے راستوں میں سبیلیں لگائی گئی تھیں جبکہ لنگر کا بھی وسیع انتظام تھا۔
جلوس بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں