عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوچکی، شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، لیگی صدر نے خود پیپلزپارٹی کے وفد کا استقبال کیا۔

عشائیے کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپوزیشن کے اعزاز میں عشائیہ سے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد نے عمران نیازی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک مہنگائی ، بے روزگاری معاشی تباہی میں جھونک دیا، اس گندگی کو صاف کرنے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے، عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوچکی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ معاشی کی ماری قوم کو سکھ کا سانس ملنے والا ہے کیونکہ عمران نیازی کا کام پورا ہوگیا اور اب ان کے گھر جانے کا وقت آگیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو، سابق وزیراعظم یوسف گیلانی، شیری رحمان اور دیگر شریک ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق،احسن اقبال،احمد ملک عشائیے میں شریک تھے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی عشائیے میں شریک ہوئے، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم دُرانی و دیگر بھی ہمراہ تھے۔

دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر خان ہوتی، ایمل خان ولی، بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل، جمعیت اہلحدیث کے ساجد میر، شفیق ترین، مبیر کبیر اور شاہ احمد نورانی نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں