الیکشن کمیشن فوری عمران خان کی نا اہلی کا حکم صادر کرے، احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری عمران خان کی نا اہلی کا حکم صادر کرے۔

تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ سے پی ٹی آئی نے التواء کی درخواست کی، پی ٹی آئی سات سال سے فارن فنڈنگ کیس سے بھاگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو بھگوڑا کہنے والا الیکشن کمیشن سے بھگوڑا ہے، پاکستان دشمن لابیز سے لی فنڈنگ کا جواب نہیں دیا جارہا، اوورسیز پاکستانیوں کی خون پسینے کی کمائی کو برباد کیا گیا، دس ہزار درہم بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو نا اہل کر دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کروڑوں روپے وصول کر کے ڈیکلیئر نہیں کیے گئے، اسکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی کی کروڑوں روپے کی خرد برد کی نشان دہی کردی ہے، منتخب وزیر اعظم کو تاحیات نا اہل کر دیا گیا، دوسرے وزیر اعظم کی کروڑوں روپے کی چوری پکڑی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ چوکیدار، چائے والے اور کمپیوٹر آپریٹر کے نام پر کروڑوں روپے منگوائے گئے، خود چور ہو کر دوسروں کو چور کہنے کی سیاست کی مثال نہیں ملتی، عمران خان کی سیاست کا ڈراپ سین ہونے کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نا اہلی میں دیر کی تو یہ پاکستان میں انتشار اور فساد پیدا کرے گا، الیکشن کمیشن فوری عمران خان کی نا اہلی کا حکم صادر کرے، فسادی لیڈر اپنی ناکامی دیکھ کر ملک میں فساد پیدا کرنے پر تلا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے صادق اور امین کا اصل چہرہ عوام کو دکھایا جائے، ایک تیسرے درجے کے سربراہ مملکت نے تحفوں کو انڈر ویلیو کر کے اپنے پاس رکھ کر بیچ دیا گیا، پہلی بار کسی سربراہ مملکت نے غیر ملکی تحائف کو بیچ کر منافع خوری نہیں کی تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں جھوٹے مقدمات پر مہینوں جیلوں میں بند کیا گیا، عمران نیازی کی چوری پکڑے جانے کے باوجود لوگوں کی پکڑیاں اچھالنے کا بلینک چیک دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کی بحالی کے ایجنڈے کیلئے قومی حکومت کی بات کی، ہم آئندہ الیکشن کے بعد اکثریت میں ہوئے پھر بھی دوسری جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، مسلم لیگ ن سب جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ اپوزیشن سے حکومت میں جانا ہوتا ہے، اپوزیشن کے ارکان توڑنا حلال اور حکومت کی بجائے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں تو کیا یہ ہارس ٹریڈنگ ہے، نیب حکومت کے گھر کی لونڈی بنی ہوتی ہے، نیب گردی ہوتے ہوئے لون رکن لالچ کی وجہ سے اپوزیشن کے ساتھ آئے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے مزید کہا کہ ارکان اسمبلی خلاف ہیں تو ان کا مطالبہ ہے کہ نئے پاکستان کے وعدے سے دھوکہ کیا گیا ہے، یہ ہارس ٹریڈنگ نہیں حکومتی پالیسیز کے خلاف احتجاج ہے، وزیر اعظم مخالفین پر بندوقیں تاننے کی بات کرے گا تو ملک سے قتل و غارت کیسے ختم ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں