سندھ ہاؤس پر حملہ، سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ نے سندھ ہاؤس پر حملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز اسلام آباد کے سندھ ہاؤس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے ہونے والے حملے کا نوٹس لیا گیا ہے جس پر سماعت آج ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنوں نے دھاوا بولا تھا اور ہاؤس کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے تھے جس کے بعد پولیس نے دو ایم این اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکن رہا

سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار 13 کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے 12 باغی اراکین سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کا دروازہ توڑا تھا۔

اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد ہاتھوں میں لوٹے اٹھائے سندھ ہاؤس کے قریب پہنچ گئی، کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولتے ہوئے دروازہ توڑ دیا اور ہاؤس میں داخل ہو گئے۔ اس دوران کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

پی ٹی آئی کے کراچی سے ایم این اے فہیم خان بھی سندھ ہاؤس کے باہر مظاہرے میں شریک تھے۔
اب گرفتار 13 کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے، کارکنوں کے خلاف کارسرکار میں مداخلت ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا

اسسٹنٹ کمشنر انیل سعید نے رات گئے تمام کارکنوں کی ضمانت لی تھی ۔
ادھر پی ٹی آئی کارکنوں کے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے کے بعد سندھ حکومت نے دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق حملہ کرنے والوں کو نامزد کیاجائے گا، پی ٹی وی پر حملے کا مقدمہ بھی انہی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں