پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں ہوگا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں 7 روز میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ آئندہ سات روز کے اندر اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کی کال دے دی جائیگی، عمران خان نے اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو حتمی تیاریوں کی ہدایت کردی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں شرکا نے عمران خان کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی، شرکا نے اسحاق ڈار کی واپسی اور مریم نواز کی ایون فیلڈ کیس میں بریت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یہ معاملہ عوام میں لے جانے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کے آپشن کر اجلاس کے شرکا نے ایبسولوٹلی ناٹ کہہ دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی اب سڑکوں پر نکلے گی، فیصلہ عوام کریں گے اور پی ٹی آئی کی کال پر ملک بھر سے عوام اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے پشاور کے کنگ ایڈورڈز کالج میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس ظلم کے خلاف نکلنے کیلیے عوام کو جلد کال دوں گا اور جب کال دونگا تو اس کے بعد کوئی واپسی نہیں ہوگی۔

جب کال دوں گا تو اس کے بعد کوئی واپسی نہیں ہوگی، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بدترین مہنگائی ہے، قوم نیچے جا رہی ہے، بڑے بڑے ڈاکو ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے، ان چوروں کو این آراو دیا جارہا ہے جن کے اربوں روپے کے لندن میں فلیٹس ہیں، یہ ملک کو لوٹتے ہیں، بھاگ جاتے ہیں اور ڈیل کرکے دوبارہ آجاتے ہیں، ایسے چوروں کو یوں ہی بری کیا جاتا رہا تو یہ آپ کے مستقبل کے لیے خطرناک ہے، آنے والے دنوں میں تباہی کا راستہ آپ کے سامنے آرہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں