چپ بیٹھوں گی؟ تو آپ کی سوچ ہے‘، عادل راجا کے نازیبا الزامات پر اداکاراؤں کا شدید ردعمل

میجر (ر) عادل راجا کے نازیبا الزامات پر پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مقدمہ دائر کرنے کے حوالے سے تنبیہ کردی۔

حال ہی میں عادل راجا نے سوشل میڈیا پر جاری وی لاگ میں پاکستان کی ٹاپ ماڈلز اور اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے تھےاور ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ادارے کے پاس ان ماڈلز اور اداکاراؤں کی نازیبا ویڈیوز بھی موجود ہیں۔

عادل راجا نے اپنے وی لاگ میں اداکاراؤں کا نام لینے کے بجائے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے تھے جن میں M H. – M K. – A K- S A شامل تھے۔
بعد ازاں پاکستانی اداکاراؤں کی جانب سے میجر (ر) عادل راجا کے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار دیکھنے میں آیا ۔

اداکارہ کبریٰ خان نے انسٹااسٹوری شیئر کی جس میں درج تھا کہ ’میں شروع میں خاموش رہی کیوں کہ ایک فیک ویڈیو میرے وجود کو نہیں مٹاسکتی لیکن بس اب بہت ہوگیا ہے، آپ کو لگتا ہے کہ کوئی بھی شخص مجھ پر بیٹھے بٹھائے انگلیاں اٹھائے گا اور میں چپ بیٹھوں گی تو آپ کی سوچ ہے لہٰذا مسٹر عادل راجا جب آپ کسی انسان پر الزام لگائیں تو پہلے آپ کے پاس ثبوت ہونا چاہیے‘۔

کبریٰ خان نے اپنی اسٹوری میں مزید لکھا کہ ’آپ کے پاس ثبوت سامنے لانے کیلئے صرف 3 دن ہیں جس کیلئے آپ نے حق اور سچ کا دعویٰ کیا ہے، اگر تم نے ایسا نہیں کیا تو اپنا بیان واپس لو اور عوام کے سامنے معافی مانگو ورنہ میں تمہارےخلاف مقدمہ کروں گی اور میں صرف پاکستانی ہی نہیں برطانوی شہری بھی ہوں لہٰذا میں وہاں بھی تمہارے پیچھے پہنچ جاؤں گی کیوں کہ میں سچ پر ہوں، میں حق پر ہوں اور میں کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتی‘۔

دوسری جانب عادل راجا کے الزامات سامنے آنے پر مہوش حیات نے بھی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے کچھ لوگ انسانیت کے درجے سے بھی گرجاتے ہیں امید ہے آپ اپنی 2 منٹ کی شہرت سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے کیوں کہ میں اداکارہ ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں میرا نام مٹی میں ملادے، آپ کو اپنے بے بنیاد الزامات پر شرم آنی چاہیے جب کہ آپ کسی شخص کے بارے میں کچھ بھی نہ جانتے ہوں اور زیادہ شرم ان لوگوں کو آنا چاہیے جو آپ کی اس فضولیات پر یقین رکھتے ہیں لیکن اب اسے ختم ہونا چاہیے، کیوں ! میں کسی کو اپنے نام کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دوں گی‘۔

ادھر سجل علی نے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی ’افسوسناک ہے کہ ہمارا ملک اخلاقی طور پر پستی کی طرف اور گندا ہوتا جارہا ہے،کردار کشی انسانیت کی بدترین شکل اور گناہ ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں