پشاور دھماکہ: وزیر اعظم شہباز شریف،آصف زرداری (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت دیگر کی مذمت

وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی مذمت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے اور دہشت گرد ملک کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے اور ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کے واقعات معنی خیز ہیں جبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے دہشتگردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دے کر زخمیوں کی جان بچائیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہیں اور پشاور دھماکے میں شہادتوں پر غمزدہ ہوں۔ 2013 سے 2018 تک قوم نے دہشت گردی کے خلاف عزم کیا تھا اور آج ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف عزم کی ضرورت ہے۔ صوبے اور وفاق مل کر دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکے میں شہادتوں پر افسوس ہے۔ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے حکومت تیار ہے اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں