ترکیہ میں شدید زلزلہ: وزیرِ اعظم کا نقصانات پر اظہارِ رنج و غم

وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار تعزیت
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں شدید زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں شہباز شریف نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، ترکیہ نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ کے عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات پوری دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، یہ انسانیت اور کرہ ارض کی بقا کا معاملہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہی۔

دکھ کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دفتر خارجہ
دریں اثنا دفتر خارجہ نے بھی ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حکومتِ پاکستان اور عوام یہ جان کر شدید صدمے میں ہیں کہ آج ترکیہ کے کچھ حصوں میں شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، ہمیں یقین ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر خصوصی ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پالے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں