عدالتی حکم پر 21 ارب روپے مختص کردیے ہیں، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک

قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔

قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے بتایا ہے کہ الیکشن کیلئے فنڈز مختص کردیے ہیں لیکن یہ پیسے حکومت پاکستان کے ہیں۔ فنڈز مختص کرنے سے پیسے اکاؤنٹ میں ہی موجود رہیں گے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین قیصر احمد شیخ کی سربراہی میں ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل، وزیر مملکت برائے خزانہ، معاون خصوصی برائے خزانہ، وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ اسٹیٹ بینک کی قائم مقام گورنر بھی شریک ہوئیں۔ اجلاس میں عدالتی حکم کے الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم کرنے کے فیصلے سے متعلق مشاورت کی گئی۔

دورانِ اجلاس وزیر قانون کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ نے 21 ارب روپے مانگے تھے۔ کنسولیڈیٹڈ فنڈ کی ایک ایک پائی کا استعمال وفاقی حکومت کی مرضی ہے۔ سالانہ بجٹ میں انتخابات کے لیے فنڈز مختص نہیں کیے گئے تھے۔ وزارت خزانہ نے چارجڈ اخراجات کے لیے بل پیش کیا، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے بل مسترد کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں