وزیراعظم کی جانب سے آج صدر کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیجنے کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج صدر مملکت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیجے جانے کا امکان ہے۔

ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کی خبر کے مطابق وزیراعظم کی ایڈوائس موصول ہونے کے ایک دن بعد صدر مملکت قومی اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان اب تک عبوری وزیراعظم کے لیے کسی بھی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے لیکن نگران وزیراعظم کے لیے حفیظ شیخ کو کئی حلقوں کا پسندیدہ ترین شخص سمجھا جارہا ہے۔

وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا اگر پارلیمانی کمیٹی بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچی تو معاملہ الیکشن کمیشن پر چھوڑ دیا جائے گا۔

’نگران وزیراعظم کا فیصلہ آج رات 10 بجے تک ہوجائیگا‘
دوسری جانب گزشتہ روز پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں گفتگوکرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آج رات 10 بجے تک ہوجائے گا۔

اس سے قبل رانا ثنااللہ نے بتایا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے والوں ناموں میں حفیظ شیخ کا نام بھی شامل ہے۔
آج جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کےلیے حفیظ شیخ یا دیگر ناموں پر ڈسکشن ہورہی ہے ابھی کوئی نام لاک نہیں ہوا، آج شام یا کل تک نگران وزیراعظم کا نام شاید فائنل ہوجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں