نواز شریف کو وطن واپسی پر ہتھکڑی لگانے کا فیصلہ ادارے کریں گے، نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو وطن واپسی پر ہتھکڑی لگانے کا فیصلہ ادارے کریں گے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا مینڈیٹ الیکشن کمیشن کے پاس ہے اور الیکشن کمیشن جلد مناسب وقت پر انتخابات کا اعلان کر دے گا تاہم جنوری کے آخر تک انتخابات ہوسکتے ہیں اور انتخابات کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبائی وزرا اعلیٰ سمیت سب کو اسمگلنگ سے متعلق ایکشن کی ہدایت دی ہیں، کوئٹہ، گلگت، پشاور میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں سے بہت فرق پڑا ہے جبکہ سول اداروں کی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بدقسمتی سے ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں کچھ سیاستدان بھی ملوث ہیں اور اسمگلنگ میں بیوروکریسی کے لوگ بھی ملوث ہیں۔ ثبوت اکھٹے کر رہے ہیں تاکہ عدالت میں انہیں چیلنج کرسکیں۔ اسمگلنگ میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اسمگلنگ غیر قانونی عمل ہے اور ڈالرز کی اسمگلنگ سے اوپن مارکیٹ پر بہت اثر پڑ رہا تھا اب ہمارے کریک ڈاون کی وجہ سے بہت مثبت اثر پڑا ہے۔ امید اور کوشش ہے کہ روپیہ مزید مستحکم ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں