غزہ میں جنگ بندی کی بحالی کیلئے مذاکرات جاری ہیں: قطر

قطر نے غزہ میں جنگ بندی کے فوری بعد اسرائیلی جارحیت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سےجاری بیان میں غزہ میں جنگ بندی میں توسیع سے متعلق کسی فیصلے پر نہ پہنچنے اور جنگ بندی کے فوری بعد غزہ پر اسرائیلی جارحیت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہےکہ جنگ بندی معاہدے کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے مذاکرات جاری ہیں جب کہ قطر نے یہ بھی واضح کیا ہےکہ وہ اپنے ثالث کاروں کے ساتھ ایک بار پھر انسانیت کیلئے جنگ میں وقفے کے اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہےکہ قطر اس تمام صورتحال میں ٹھہراؤ کے لیے کسی بھی عمل میں شامل ہونے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔

قطری وزارت خارجہ نے اس بار پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ غزہ میں جنگ بندی کے خاتمے کے پہلے ہی گھنٹے میں مسلسل بمباری جنگ بندی کی بحالی کے اقدامات کو پیچیدہ بنادے گی اور ساتھ ہی غزہ کی پٹی میں انسانی تباہی میں مزید اضافہ کرے گی لہٰذا اس تمام صورتحال میں عالمی برادری تشدد رکوانے کے لیے فوری کردار ادا کرے۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ ریاست قطر کسی بھی شکل میں عام شہریوں کی ہلاکتوں، مجموعی طور پر سزا اور لوگوں کو غزہ سے زبردستی بے دخل کرنے کی مذمت کرتی ہے۔

قطر نے غزہ میں فوری طور پر سیز فائر اور انسانی امداد کی تیزی سے فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 روزہ عارضی جنگ بندی میں تیسری مرتبہ توسیع نہ ہوسکی جس کے فوری بعد اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ کارروائیاں شروع کردیں اور اسرائیلی بمباری میں اب تک 30 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں