ٹی ٹی پی کے پاس جدید ہتھیار باعث تشویش، بھارتی معاونت سے دہشتگرد گروپس پاکستان میں متحرک ہیں: دفتر خارجہ

پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے دہشتگردی کے لیے جدید ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی معاونت سے دہشتگرد گروپس پاکستان میں متحرک ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا گزشتہ ہفتے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خطوط لکھے، خطوط میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں جاری بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے جدید ہتھیاروں کے استعمال اور بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی کی پاکستان میں دہشتگردی کی مالی معاونت پر شدید تشویش ہے، بھارتی ایجنسی کی معاونت سے متعدد دہشتگرد گروپس پاکستان میں متحرک ہیں، آنے والے دنوں میں اس کی مذید تفصیلات دیں گے۔

ان کا کہنا تھا بھارت کا اغوا اور دہشتگردی کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے، پاکستان بھارتی معاونت سے دہشتگردی کا نشانہ رہا ہے، بھارت کے حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن جادھو کا پاکستان میں گرفتار ہونا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا افغانستان کی طرف سے ٹی ٹی پی کے خلاف کسی ایکشن اور اس کے مؤثر ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم طالبان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف مؤثر اقدامات کی توقع کرتے ہیں، امید کرتے ہیں افغانستان کی سرزمین پاکستان مخالف استعمال نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں