پنجاب میں دھند برقرار، آج بھی 12 پروازیں منسوخ

پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں شدید دھند برقرار ہے جس کی وجہ سے آج بھی 12 ملکی اور غیرملکی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق منازل پر حد نظر انتہائی کم ہونے کی وجہ سے 6 پروازوں کو متبادل ائیرپورٹس پر منتقل کردیا گیا جب کہ جمعرات کو بھی لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاور کی 37 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ جدہ سے لاہور کیلئے نجی ائیر لائن کی پرواز کو فضا میں ایک گھنٹہ انتظار کے بعد کراچی میں لینڈ کروایا گیا، دبئی سے ملتان، دمام اور کویت سٹی سے سیالکوٹ کی پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا جب کہ بحرین اور کراچی سے لاہور کیلئے 2 پروازوں کو بھی اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

اس کے علاوہ لاہور کراچی پی آئی اے کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، سعودی ائیر لائن کی جدہ سے لاہور کے لیے پرواز ، اسلام آباد کراچی کی نجی ائیر لائن کی 2 اور شارجہ کی ایک پرواز منسوخ کی گئی۔

ملتان سے جدہ کے لیے نجی ائیر لائن کی 2، کراچی سے دمام اور گوادر کی 3 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں