الیکشن میں دھاندلی کے الزامات: تحقیقاتی کمیٹی آج الیکشن کمیشن کو رپورٹ پیش کریگی

سابق کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی کا آخری اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کےالزامات پررپورٹ کوحتمی شکل دے گی جب کہ کمیٹی اپنی تحقیقاتی رپورٹ آج الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 ڈی آر اوزکے تحریری بیانات قلم بند کیے،کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 26 ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کیے، یہ تمام بیانات رپورٹ کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی کے دھاندلی سے متعلق الزامات کی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں