ہم پر تشدد ہوا اور ہمارے نوجوان شہید ہوئے ہم کس چیز کی معافی مانگیں: عمر ایوب

تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا ہےکہ ہم پر تشدد ہوا ہے اور ہمارے نوجوان شہید ہوئے ہیں ہم کس چیز کی معافی مانگیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ شیر افضل مروت کو آج شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے اور شیر افضل مروت کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی نےکرنا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ہم پر بوگس مقدمات ہیں اور اب ہم شامل تفتیش ہونےجارہے ہیں، ملک کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ان سے ملک چل نہیں رہا، موجودہ حکومت کے خلاف عدالتوں میں رٹ دائر کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم پر تشدد ہوا ہے اور ہمارے نوجوان شہید ہوئے ہیں ہم کس چیز کی معافی مانگیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ گندم بحران میں 350 ارب روپےکا ٹیکہ لگایا گیا، اس وقت محسن نقوی وزیراعلیٰ تھے اور ان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے لوگ بھی شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ ابھی تحریک شروع کرنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں