حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اتحادیوں نے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو قانون کی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت دی جائیگی۔
اس کے ساتھ ہی فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو سری نگر ہائی وے تک محدود کیا جائیگا تاہم سری نگر ہائی وے سے آگے آنے کی صورت میں قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اتحادیوں کے آج کے اجلاس میں پی ٹی آئی مارچ پر مزید مشاورت بھی ہوگی جس میں نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
آج کے اجلاس میں آصف علی مولانا فضل الرحمان سمیت اتحادی جماعتوں کے دیگر قائدین بھی شریکت کریں گے۔
خیال رہے کہ اجلاس میں حمزہ شہباز اور مریم نواز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی حالت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران کا شکار ہے، عمران خان اس بحران کو مذید طوالت دینا چاہتا ہے.
اس دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا عمران خان کا لانگ مارچ ملک میں فتنہ اور فساد پھیلانے کی ناکام کوشش ہے، اس کا ہر فورم پر مقابلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ، ای وی ایم اور نیب اصلاحات کے بغیر الیکشن میں نہ جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔