صلاح الدین ایوبی پر سیریز کا ہدف مسلمانوں سے زیادہ غیر مسلم ہیں، پروڈیوسرز

پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز سے وابستہ پروڈیوسر جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بنائے جانے والی ڈراما سیریز کا ہدف غیر مسلم ہیں جو مسلمان حکمرانوں کے کارناموں سے ناواقف ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں پروڈیوسر اور ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بتایا کہ ابتدائی منصوبے کے تحت یہ تاریخی سیریز تین سیزنز پر مشتمل ہوگی اور ہر سیزن میں 34 اقساط ہوں گی۔
ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بتایا کہ مسلمانوں سے زیادہ اس تاریخی ڈراما سیریز کا ہدف 6 ارب غیر مسلم ہیں جو مسلمان حکمرانوں کے کارناموں سے ناواقف ہیں۔

پاکستان اور ترکی کا سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈراما بنانے کا اعلان

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے ساس بہو کے جھگڑوں، سطحی نوعیت کے موضوعات سے آگے نہیں بڑھ رہے، جمود کا شکار ہو رہے ہیں اس کے علاوہ معیار بھی ایسا نہیں ہے کہ دنیا بھر کو دکھایا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بنائے جانے والی ڈراما سیریز میں صرف فنکار ہی مشترکہ نہیں ہوں گے بلکہ تکنیکی عملہ اور دیگر شعبے بھی مل کر کام کریں گے۔
اس ڈراما سیریز کے خیال کے حوالے سے ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کہ ‘سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز بنانے کا خیال اس لیے آیا کہ وہ مسلمانوں کی تاریخ کے عہد ساز اور غیر متنازع حکمران تھے جن کا ذکر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم بھی عزت سے کرتے ہیں۔
ڈاکٹر کاشف انصاری نے بتایا کہ یہ ڈراما سیریز صرف مسلمانوں یا پاکستان اور ترک آبادی کے لیے نہیں بلکہ اس کے ذریعے دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ ایک مسلمان حکمران تھا جس کے مخالفین بھی اس کی شجاعت، انصاف، بہادری اور مساوات کے معترف تھے۔

ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کہ مصر، شام، عراق، دیار بکر اور حجاز پر طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے سلطان صلاح الدین ایوبی آج کل کی نوجوان نسل اور مسلمانوں میں ایک گمنام شخصیت بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں قرآن، تاریخ اور مذہبی ہم آہنگی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے جس سے یہ واضح ہوگا کہ قرآنِ کریم کے اصولوں کے تحت ایک ایسی سلطنت کا نظام چلایا جا سکتا ہے جسے تمام مذاہب میں قابل قبول سمجھا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں