نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان ختم کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کا دورہ ختم کر دیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق مردوں کے ساتھ خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ ای سی بی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور معاون عملے کی ذہنی اور جسمانی فلاح اولین ترجیح ہے۔

ای سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم سمجھ سکتے ہیں کہ یہ فیصلہ پی سی بی کے لیے انتہائی مایوس کن ہو گا، جنھوں نے اپنے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی میزبانی کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ گذشتہ دو موسم گرما کے دوران ان کی انگلش اور ویلش کرکٹ کے لیے حمایت دوستی کا مظاہرہ کرتی ہے۔ پاکستانی کرکٹ پر اس فیصلے کے اثرات کے لیے ہم خلوص دل سے معذرت خواہ ہیں اور سنہ 2022 میں اپنے اہم دوروں کے منصوبوں پر زود دیتے ہیں۔‘

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈرمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ کا اپنے کیے گئے وعدے سے پیچھے ہٹنا مایوس کن ہے۔ انگلینڈ اس وقت دستبردار ہوا جب ہمیں زیادہ ضرورت تھی، انشاء اللہ ہم ان حالات سے باہر نکل آئینگے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ قومی ٹیم کے لیے ایک ویک اپ کال ہے، جب ہم دنیا کی بہترین ٹیم بنیں گے تو کھیلنے والوں کی لائن لگ جائے گی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کو یکطرفہ طور پر سکیورٹی وجہ بنا کر منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت سمیت عوام نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ ہونے کے بعد ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز نے بھی شدید ناراضگی کیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین رمیز راجہ نے معاملہ آئی سی سی میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے انگلینڈ کی ٹیم کو دورہ پاکستان پر راضی کرنے کے لیے رابطے شروع کیے تھے۔ انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے سفارتی تعلقات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ ٹیم نے 2 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان آنا ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچز 13 اور 14 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم نے 2005 میں پاکستان کا آخری بار دورہ کیا تھا ۔5ون ڈے میچز کی سیریز، پاکستان نے انگلینڈ کو 2-3 سے ہرایا تھا ، پاکستان نے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی

اپنا تبصرہ بھیجیں