کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر فنکاروں کا اظہار افسوس

لاہور: کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر سہیل احمد، جاوید شیخ، دلیر مہندی، ہمایوں سعید، علی ظفر اور دیگر فنکاروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

پاکستان کے نامور کامیڈین سہیل احمد نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف بین الاقوامی سطح پر ہمارے جانے پہچانے فنکار تھے، وہ بہت پیارے انسان تھے، لاہور میں میرے محلے میں ہی رہتے تھے، عمر شریف کی علالت کے دوران لاہور میں ان کی رہائش گاہ جاتا تھا، عمر شریف ایک حساس انسان تھے، ان کے پورے خاندان میں ذیابطیس کا مرض بہت زیادہ ہے، عمر شریف نے پورے خاندان کے بچوں کو پالا، ان کا خیال رکھا۔

اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر بہت افسوسناک ہے، پچھلے ہفتے عمر شریف کی عیادت کیلئے اسپتال گیا تھا، شکیل صدیقی، اسماعیل تارا، رؤف لالا، عمر شریف میرے پرانے ساتھی ہیں، وہ کامیڈی کا باپ تھا، عمر شریف جیسا دوسرا کوئی اداکار نہیں ہوسکتا، بھارت بھی عمر شریف کی کامیڈی کو سراہتا ہے۔

بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج بہت ہی دکھ کا دن ہے، ابھی پتہ چلا ہے کہ عمر شریف آج ہم میں نہیں رہے، عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے عمر شریف کی امریکا منتقلی کی کوششیں کیں۔

اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ عمر شریف ایک کمال کے اداکار تھے، ان کے انتقال پر بہت افسوس ہوا، عمر شریف عام زندگی میں بھی لوگوں کو بہت ہنساتے تھے، ان سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ ہنسائے بغیر رہ نہیں سکتے تھے، بیرون ملک سے کوئی مہمان آتا تو عمر شریف سے ملنے کی خواہش کرتا۔

گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا تھا کہ عمر شریف جیسے عظیم لوگ کم ہی پیدا ہوتے ہیں، ہمیں عمر شریف کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں