الیکشن کمیشن حکام وزیراعظم کو نااہل کریں، ترجمان بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حکام وزیر اعظم عمران خان کو نااہل کریں۔

ترجمان ذوالفقار علی بدر نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ حکومت میں آنے سے پہلے کہتے تھے کہ ملک میں ایک قانون ہوگا، اقتدار میں آنے کے بعد تمام قوانین روند ڈالے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود جلسے کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن وزیر اعظم کے خلاف قانونی کارروائی کرے، وزیر اعظم کے بیان پر پیپلز پارٹی کے جیالوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی رواداری پر یقین رکھتے ہیں، نظریاتی اختلاف ہوسکتا ہے، پیپلز پارٹی کے جیالے قیادت سے عدم اعتماد کے دن ڈی چوک آنے کی اجازت چاہ رہے ہیں، ہم اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑنا چاہتے، ہمیں اس طرف نہ دھکیلا جائے۔

ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ وزیر اعظم کے اقدامات سے جمہوریت کو خطرات لا حق ہوگئے ہیں، الیکشن کمیشن حکام وزیر اعظم کو نااہل کریں، وزیر اعظم ہمیں بندوق کی دھمکی نہ دیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری اخلاقیات کو کمزوری نہ سمجھ جائے، حکومتی وزرا نقلیں اتارتے ہیں ان کو چاہیے کہ وہ تھیٹر میں کام کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان ذوالفقار علی بدر نے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان زبان درازی سے باز رہیں، زبان بڑی ہونے سے قد اونچا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جیالے صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں لیکن اگر آپ باز نہ آئے تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا، عمران خان کا الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیمرگرہ میں جلسہ ایک نہیں دو پاکستان کی علامت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران جلسے پر عمران خان کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے، عمران خان وزیر اعظم کے منصب کے اہل ہی نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے مزید کہا تھا کہ کسی ادارے کے سربراہ سے ہوئی ذاتی گفتگو کا ذکر عوامی سطح پر کرنا بھی ایک جرم ہے، عمران خان نے سیکرٹ ایکٹ کی بھی کھلی خلاف ورزی کی ہے، انہیں تو وزیر اعظم رہنا ہی نہیں چاہیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں