میزائل گرنے پر پاکستان نے بھارت سے سوالات کے جوابات مانگ لیے

پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں بھارتی میزائل گرنے کے اعتراف کے بعد پاکستان نے روایتی حریف ملک سے سوالات کے جوابات مانگ لیے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس واقعے کی سنگین نوعیت سیکیورٹی پروٹوکول کے خلاف تکنیکی تحفظات کے حوالے سے کئی بنیادی سوالات کو جنم دیتی ہے، اس طرح کے سنگین معاملے کو بھارتی حکام کی جانب سے پیش کی گئی سادہ وضاحت سے حل نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان نے بھارت سے میزائل گرنے کے معاملے پر سوالات کے جوابات مانگتے ہوئے کہا کہ بھارت کو حادثاتی میزائل لانچ، اس واقعے کے خاص حالات کو روکنے کے لیے اقدامات اور طریقہ کار کی وضاحت کرنی چاہیے۔ بھارت کو پاکستانی حدود میں گرنے والے میزائل کی قسم بھی واضح کرنے کی ضرورت ہے۔

عاصم افتخار کے مطابق بھارت کو یہ بھی بتانے کی ضرورت ہے کہ حادثاتی طور پر چھوڑا گیا میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ کیا میزائل خود تباہی کے طریقہ کار سے لیس تھا تو یہ حقیقت میں کیوں ناکام رہا؟ بھارت میزائل کے حادثاتی لانچنگ کے بارے میں پاکستان کو فوری طور پر مطلع کرنے میں کیوں ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے واقعے کا اعلان کرنے اور وضاحت طلب کیے جانے تک بھارت نے انتظار کیوں کیا؟بھارت کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ کیا واقعی میزائل کو اس کی مسلح افواج نے ہینڈل کیا تھا یا کوئی اور عناصر تھے۔ یہ واقعہ بھارت کے اسٹریٹجک ہتھیاروں سے نمٹنے میں سنگین نوعیت کی بہت سی خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کا اندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں کیونکہ میزائل پاکستانی حدود میں گرا، پاکستان اس واقعے کے بارے میں حقائق کا درست تعین کرنے کے لیے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جوہری ماحول میں سنگین نوعیت کے اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں