بپر جوائے: سول ایوی ایشن نے کراچی ائیرپورٹ بند ہونیکی خبروں کی تردید کردی

سول ایوی ایشن نے بپر جوائے طوفان کے حوالے سے کراچی ائیرپورٹ کی بندش کی خبروں کی تردید کردی۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق خراب موسم کی پیشگوئی کی صورت میں ائیرپورٹس پر طے شدہ ایس او پیز کے تحت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں اس لیے بپر جوائے طوفان کے حوالے سے کراچی ائیرپورٹ کی بندش کی خبریں درست نہیں ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ ائیرپورٹس پر ہوا کی رفتار اور موسم کے حوالے سے پائلٹس کو مسلسل باخبر رکھا جانا معمول کی بات ہے، غیر معمولی حالات میں پائلٹس زمینی و موسمی حقائق دیکھتے ہوئے ٹیک آف یا لینڈنگ کے لیے قریبی موزوں منزل کا فیصلہ کرتے ہیں۔

سول ایوی ایشن نے اس حوالے سے ائیرلائنز اور پائلٹس کو پہلے ہی احتیاط برتنے کا نوٹم جاری کردیا ہے کہ خراب موسم میں ائیرلائنز کی جانب سے شیڈولز میں خلل پڑسکتا ہے۔

کراچی میں ہلکی تیز بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کی دوپہر سے ہلکی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ 15 سے 17 جون تک تیز بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

بپر جوائے کی کراچی کے جنوب کی جانب گامزن
کراچی میں سمندری طوفان بپر جوائےکے اثرات کے باعث ہاکس بے پر سمندر میں طغیانی بڑھ گئی ہے، ہاکس بے کے ساحل پر اونچی لہریں ہیں جب کہ سینڈزپٹ کے مقام پر بھی تیز اونچی لہروں کے باعث روڈ پرپانی آرہا ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں سمندر کے قریبی گوٹھ اور کریک میں بلند لہروں کے باعث پانی آسکتا ہے، ڈی ایچ اے اور دیگر ساحلی علاقوں کو بلند لہروں سے خطرہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں