آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آذربائیجان کے صدر،وزیردفاع ،چیف آف جنرل سٹاف و دیگر سے ملاقاتیں

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر جمہوریہ آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا اور آذرابائیجان کے صدر،وزیردفاع، چیف آف جنرل سٹاف سمیت دیگر سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)جمہوریہ آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں۔دورے کے دوران آرمی چیف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، وزیر دفاع، پہلے نائب وزیر، چیف آف جنرل سٹاف اور آذربائیجان ایئر فورس کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چیف آف آرمی سٹاف نے باکو میں یادگار شہدا پر پھول بھی رکھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری اور حوصلے کو سراہا جبکہ ملاقاتوں میں آذربائیجان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت کو سراہا اور دونوں ریاستوں اور ان کی مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون کو نئی سطح تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آذربائیجان کے سربراہ مملکت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آذربائیجان جموں و کشمیر کے معاملے پر ہمیشہ برادر ملک پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔

آذربائیجان کے سربراہ مملکت الہام علیوف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات مختلف شعبوں میں کامیابی سے فروغ پا رہے ہیں جن میں فوجی تعاون بھی شامل ہے۔

دفاعی صنعت میں آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان کامیاب تعاون کو سراہتے ہوئے صدر الہام علیوف نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی تربیت کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔

بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے آذربائیجان کے سربراہ مملکت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آذربائیجان جموں و کشمیر کے معاملے پر ہمیشہ برادر ملک پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔

صدر الہام علیوف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزیدمستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں