نواز شریف سے امریکی سفیر کی ملاقات

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف سے ہفتہ کے روز امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امرا میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کے علاوہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر نواز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، ترجمان مسلم لیگ (ن)کے مطابق نواز شریف نے مختلف امریکی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکالنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر مسلم لیگ (ن)کو قائدانہ کردار دے کر اپنابھرپور اعتماد کریں گے۔

ہمارے دور کی پالیسیاں جاری رہتیں تو آج پاکستان ترقی کی رفتار میں کہیں آگے،نواز شریف

رہنماؤں نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اوران کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکا اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔

امریکی سفیر اور نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت بھی کی۔

مسئلہ فلسطین کے حوالے سے نوازشریف نے اسرائیلی بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔

انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔

امریکی سفیر نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں