کراچی: ویکسینیشن نہ لگوانے والوں کیخلاف کارروائی شروع، سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 33افراد گرفتار

کراچی پولیس نے کورونا ویکسین نہ لگانے والے شہریوں کے خلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے کووڈ-19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 33 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایک بیان میں سندھ پولیس کی ترجمان شازیہ جہاں نے کہا کہ کراچی کے ضلع شرقی میں 33 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 18 مقدمات درج کیے گئے۔

30 ستمبر تک ویکسین نہ لگوانے والوں کو سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا، ڈاکٹر فیصل سلطان

سندھ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے احکامات جاری ہونے کے بعد گرفتاریاں کی گئیں، صوبے کے چیف سیکریٹری نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار ویکسینیشن کارڈ چیک کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے۔

گرفتار افراد میں سے دو کی تفصیلات بتاتے ہوئے سہراب گوٹھ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او زبیر نواز نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کارڈز کی چیکنگ کے دوران پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا جن کا نام محمد خالد اور حبیب رحمٰن ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جن دو افراد کو ویکسین نہ لگانے پر گرفتار کیا گیا تھا انہیں ایوب گوٹھ کی ایک مرکزی سڑک سے حراست میں لیا گیا۔

کورونا کے دوران تدریسی عمل میں تعطل سے بچوں پر منفی اثرات کا خدشہ

پولیس نے ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 اور دفعہ 4 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ دونوں افراد جوان ہیں، انہوں نے پولیس کو بتایا کہ انہیں ویکسین نہیں لگائی گئی کیونکہ انہیں اس کے بارے میں آگاہی نہیں ہے۔

حکومتی احکامات

ایس ایچ او نے کہا کہ پولیس نے ان شہریوں کے کووڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی جانچ شروع کر دی ہے جو بازاوں میں جانے کے ساتھ ساتھ بڑے راستوں پر سفر کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نے حال ہی میں انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی رینجرز اور ڈویژنل کمشنرز کو لکھے جانے والے خط کے بعد کی جا رہی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر کارروائی کی جائے اور اس کے علاوہ جرمانے بھی عائد کیے جائیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے 22 ستمبر کو ویکسی نیشن کارڈز کی جانچ پڑتال کے حوالے سے ایک خط جاری کیا تھا، خط میں کہا گیا تھا کہ بعض اداروں کے ملازمین اور عوام کے لیے مختلف جگہوں یا مقامات پر ویکسینیشن کارڈ لے جانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ویکسینیشن کارڈ کا معائنہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سونپا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں