ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بٹلر کی سنچری، انگلینڈ کا سری لنکا کو جیت کیلئے 164 رنز کا ہدف

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے اہم میچ میں انگلینڈ نے جوز بٹلر کی شان دار سنچری کی بدولت سری لنکا کے خلاف مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 163 رنز بنا لیے۔

شارجہ میں کھیلے جارہے سپر12 کے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیتا اور گروپ کی سرفہرست ٹیم انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو جیس روئے جارحانہ انداز اپنا کر پہلے اوور میں 13 رنز بنائے تاہم دوسرے اوور کی دوسری گیند پر اپنی وکٹیں نہ بچاسکے.

جیسن روئے 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ڈیوڈ ملان اور جوز بٹلر نے اسکور 34 رنز تک پہنچایا مگر ڈیوڈ ملان صرف 6 رنز بنا سکے۔

انگلینڈ کی تیسری وکٹ 35 رنز پر گری جب خطرناک بلے باز جونی بیئراسٹو کھاتے کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے، انہیں ڈی سلوا نے آؤٹ کیا۔

کپتان اوئن مورگن نے چوتھی وکٹ پر بٹلر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے 112 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو ایک پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

مورگن 147 کے اسکور پر 40 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے انگلینڈ کے آخری بلے باز تھے۔

جوز بٹلر نے آخر تک شان دار بیٹنگ جاری رکھی اور اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی، جس کے لیے انہوں نے 67 گیندوں کا سامنا کیا، 6 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔

انگلینڈ نے مقررہ اووز میں 4 وکٹوں پر 163 رنز بنائے، معین علی نے آؤٹ ہوئے بغیر ایک رن بنایا۔

سری لنکا کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم شان دار کارکردگی کے باعث سیمی فائنل کے قریب پہنچ چکی ہے۔

انگلینڈ نے میچ کے لیے کامیاب ٹیم برقرار رکھی اور کوئی تبدیلی نہیں کی اسی طرح سری لنکا کی ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

انگلینڈ: اوئن مورگن (کپتان)، جیسن روئے، جوز بٹلر، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید، ٹائمل ملز

سری لنکا: داسن شناکا(کپتان)، پتھُم نسانکا، کوشل پریرا، چارتھ اسالانکا، آوشکا فرنینڈو، بھنوکا راجا پکسے، چمیکا کرونارتنے، ونندو ہسارنگا ڈی سلوا، دشمانتھا چمیرا، لہیرو کمارا، مہیش تھکشانا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں