پاکستان نے بنگلا دیش کو دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ہرا کر سیریز جیت لی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بنگلا دیش کو دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ہرا کر سیریز جیت لی۔ تین میچز کی سیریز میں گرین شرٹس کو 0-2 سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلادیش کے اوپنر بلے باز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ سیف حسن بغیر کھاتہ کھولے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ محمد نعیم صرف 2 رنز بناکر ہی پویلین لوٹ گئے، محمد وسیم جونئیر نے ان کا شکار کیا۔

مڈل آرڈر بلے بازوں نے بنگال ٹیم کو کچھ سہارا دیا۔ نجم الحسین اور عفیف حسین نے 46 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ نجم الحسین نے 34 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی، جن میں 5 چوکے بھی شامل ہیں، انہیں شاداب خان نے پویلین کی راہ دکھائی، عفیف حسین 21 گیندوں پر 20 رنز بنا سکے۔ محموداللہ 12 جبکہ مہدی حسن نے 3 رنز بنائے۔

بنگال ٹائیگر مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا سکے۔ شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور محمد نواز نے ایک، ایک شکار کیا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کیا، مسلسل دوسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بڑی اننگز نہ کھیل سکے، 5 گیندوں پر ایک رن بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس دوران فخر زمان نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے شروع میں محتاط انداز اپنایا تاہم کریز پر سیٹ ہونے کے بعد وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے۔ اس دوران فخر نے کھل کر کھیلتے ہوئے حریف سپنرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے اپنی اننگز میں تین بلند و بالا چھکے لگائے۔ تاہم محمد رضوان 45 گیندوں پر 39 سکور بنا کر امین الاسلام کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں بیٹسمینوں نے 78 گیندوں پر 85 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

قومی ٹیم نے ہدف 19 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ فخر زمان نے 57 جبکہ حیدر علی 6 رنز کی اننگز کھیلی۔ مستفیض الرحمان اور امین الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، حسن علی کو آرام دے کر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ کو موقع دیا جبکہ میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے 4 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی، اس میچ میں بہترین کارکردگی پر حسن علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں