صوبائی بجٹ کی منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کا اجلاس 13 جون کو طلب

پنجاب حکومت نے بجٹ منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کا اجلاس 13 جون کو طلب کرلیا، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2022-23 بجٹ تجاویز کی منظوری لی جائے گی، اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور سالانہ اخراجات کی منظوری لی جائے گی۔

مالی سال 2022-23 کا صوبائی بجٹ وفاقی طرز کا ہو گا، بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے خصوصی امدادی پیکج متعارف کروایا جائے گا، عوام کی قوت خرید میں اضافے کے لیے اشیاء خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں گی۔

صوبائی بجٹ میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، کم وسیلہ افراد کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں خصوصی رعایت دی جائے گی، پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا۔

بجٹ کے دوران صوبائی محصولات میں دی گئی رعایت برقرار رکھی جائے گی، آٹے کی کم قیمت پر دستیابی کا وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا سہولت پیکج آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا، پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ بلحاط حجم پہلے سے بہتر ہو گا۔

بجٹ کا بڑا حصہ ترقیاتی مقاصد کے حصول پر خرچ کیا جائے گا، پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت کی اولین ترجیح سماجی شعبہ کی ترقی اور معیشت کی بحالی ہو گی، بجٹ 2022-23 میں تعلیم، صحت، زراعت، مواصلات کے میدان میں کئی اہم اقدامات متعارف کروائے جائیں گے۔

آئندہ بجٹ میں پائیدار ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے ضلعی سطح پر عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا، پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن اور عوام دوست بجٹ ہو گا، سرکاری ملازمین اور دیہاڑی دار طبقہ دونوں کے لیے خوشخبری لائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں