نظام بدلنا ہے تو باہر نکلو، تحریک انصاف کی عوام سے اپیل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے لانگ مارچ کے آغاز سے قبل عوام سے اپیل کی ہے کہ نظام بدلنا ہے تو آج باہر نکلو۔

لاہور سے حقیقی لانگ مارچ کے آغاز سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر اور سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے نظام بدلنا ہے تو آج انہیں باہر نکلنا ہوگا، حقیقی آزادی مارچ کا حصہ نہیں بنتے تو پھر ہم سے نظام کا گلہ نہیں ہونا چاہیے۔

اسد عمر نے کہا کہ لانگ مارچ کا اصل مقصد پاکستان کی حقیقی آزادی اور عام انتخابات ہیں، قوم اپنے کپتان کے ساتھ ہے اور اپنے آئینی حق کو استعمال کرنے جا رہی ہے، حقیقی آزادی مارچ پُر امن ہوگا، اپنے ملک کی آزادی کیلیے نکل رہے ہیں، فیملیز بھی حقیقی آزادی مارچ کا حصہ ہوں گی، تاریخی اجتماع کے ذریعے تاریخ ساز فیصلہ ہونے جا رہا ہے، انشا اللہ قوم کے فیصلے صرف عوام کریں گے اس کے سوا کوئی اور نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج لبرٹی چوک سے شروع ہونے والا حقیقی مارچ جمعرات کو پنڈی پہنچے گا، دور دراز سے آنیوالے قافلے جمعرات کی رات یا شام پہنچیں گے، کراچی، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے قافلے جمعرات کی رات پہنچیں گے، اسی شب سے ماحول بننا شروع ہوجائے گا، مری روڈ پر تمام لوگوں کے ٹھہرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم آئندہ ہفتے عدالت کی ڈائریکشن کے مطابق اسلام آباد ایچ نائن میں جمع ہوں گے، اگلے جمعے، ہفتے اور اتوار کے روز ملکی تاریخ کے بڑے بڑے اجتماعات ہونگے۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ آج کا دن ہم ارشد شریف کے نام کرنا چاہتے ہیں، چوہدری غلام حسین کو کل حراست میں لیا گیا، صحافی اپنے لوگوں کے لیے کھڑے ہوں اور آواز بلند کریں، سب کی اپنی رائے ہے لیکن اس طرح تشدد کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، پچھلے6 ماہ میں جو تشدد ہوا یہ تو ضیاالحق کے دور میں بھی نہیں دیکھا، جو صحافیوں کے ساتھ کیا گیا اس کا مقصد ہے کہ خوفزدہ کیا جائے، ارشد شریف کی اپیل کا حکام بالا نوٹس لے لیتے تو وہ آج زندہ ہوتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان بالخصوص لاہور کے لوگ حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلیں، نظام بدلنا چاہتے ہو اور اپنے بچوں کا بہتر مستقبل چاہتے ہو تو آج عمران خان کیساتھ پاکستان کا نظام بدلنے کیلیے نکلو، عمران خان کچھ دیر بعد زمان پارک سے نکل کر لبرٹی چوک پر آئیں گے، آپ کا پی ٹی آئی سے تعلق نہ بھی ہو تو ملک کے نظام کی بہتری کیلئے شریک ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل حقیقی آزادی کی کامیابی اور ناکامی پر منحصر ہے، جب تک فیصلے کا حق عوام اپنے ہاتھ میں نہیں لے گی مستقبل ٹھیک نہیں ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تو وزیراعظم کے مشیر نے حکومت چھوڑی ہے، ن لیگ سے ابھی اور استعفے آئیں گے، رانا ثنا اللہ نے بڑی کوششیں کی ڈرانے کی مگر کوئی ڈرا نہیں، انشااللہ آئندہ جب بھی الیکشن ہوں گے عمران خان ہی جیتیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں