سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے قبل اہم پیش رفت

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے قبل اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان نے سعودی فنڈز کیلیے شرائط پوری کردی ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے قبل پاکستان نے سعودی فنڈز کے لیے شرائط پوری کردی ہیں۔ وفاقی کابینہ نے سعود فنڈڈ منصوبوں کے لیے ٹیکس چھوٹ کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ چار معاہدوں پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے تجاویز کی منظوری لی گئی۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی ساتھ 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کے 4 معاہدے کیے جائیں گے۔ ان میں مہمند ڈیم کے لیے 24 کروڑ ڈالرز فراہمی کا معاہدہ کیا جائے گا۔ جگران پن بجلی منصوبے کیلیے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کا معاہدہ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ گریوٹی فلو واٹر مانسہرہ منصوبے کیلیے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز اور شونٹر پن بجلی کیلیے 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کے معاہدے کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ان معاہدوں پر سعودی ولی عہد کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران دستخط کا پلان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں