ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان آج مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا

وفاق میں اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاق میں اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کئی امور پر اختلافات منظر عام پر آچکے ہیں اور دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازیاں بھی جاری ہیں۔

ان اختلافات کے خاتمے اور معاملات کو سلجھانے کے لیے کے لیے گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی بیٹھک ہوئی تاہم معاملات منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات کی بہتری کے لیے آج مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا۔

گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں ن لیگ کی جانب سے اسحاق ڈار، احسن اقبال، ایاز صادق اور پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر، خورشید شاہ، شازیہ مری، شیری رحمان ڈائیلاگ کا حصہ بنے جب کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی بھی ویڈیو لنک پرموجود رہے تاہم کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہ آسکی تھی۔

مذاکرات کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی وزرا نے اپنے مطالبات سے ن لیگی وزرا کو آگاہ کر دیا ہے۔ ن لیگی وفد نے پیپلز پارٹی وزرا کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی اور ن لیگ مذاکرات میں آج وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا خود اسلام آباد جاکر شرکت کا امکان ہے اور اسی تناظر میں سندھ اسمبلی کا بجٹ سیشن ہنگامی بنیاد پر ایک روز کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ جن کے پاس وزارت خزانہ کا قلمدان بھی ہے انہوں نے آج فنانس بل پیش کرنا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں