مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو، پہلی مرتبہ وزیر خزانہ کی جگہ وزیر خارجہ کونسل میں شامل

وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی منظوری کے بعد مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

8 رکنی مشترکہ مفادات کونسل کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے جب کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بطور ممبران کونسل میں شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ مشترکہ مفادات کونسل میں پہلی مرتبہ وزیر خزانہ کی جگہ وزیر خارجہ کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ مشترکہ مفادات کونسل کے پرمننٹ ممبر ہوتے ہیں لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے تجربے اور صوبوں سے معاملات طے کرنے کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں مشترکہ مفادات کونسل میں شامل کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پہلی مرتبہ کابینہ کا حصہ بنے ہیں اس لیے ان کی جگہ تجربہ کار اسحاق ڈار کو کونسل میں رکھا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور کے پی سے وزیر سیفران امیر مقام بھی شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل 21 مارچ 2024 سے وجود میں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں